Awaz-e-Umar News

آوازِ عمر نیوز لوڈ ہو رہا ہے...

تازہ ترین علاقائی، ملکی اور عوامی خبریں
Awazeumarnews
Awaz-e-Umar News
بریکنگ نیوز
تازہ ترین خبریں لوڈ ہو رہی ہیں...
پنجاب حکومت کی "اپنی چھت، اپنا گھر" اسکیم: 15 لاکھ روپے تک بلا سود قرض حاصل کرنے کی شرائط اور اپلائی کرنے کا مکمل طریقہ

پنجاب حکومت کی "اپنی چھت، اپنا گھر" اسکیم: 15 لاکھ روپے تک بلا سود قرض حاصل کرنے کی شرائط اور اپلائی کرنے کا مکمل طریقہ


لاہور / منڈی بہاؤالدین (ویب ڈیسک): حکومتِ پنجاب کی جانب سے کم آمدنی والے اور بے گھر خاندانوں کو ذاتی رہائش فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی فلیگ شپ اسکیم "اپنی چھت، اپنا گھر" میں شہریوں کی بھرپور دلچسپی جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب کے تمام اضلاع، بشمول منڈی بہاؤالدین کے اہل شہریوں کو اپنا گھر تعمیر کرنے کے لیے 15 لاکھ روپے تک بلا سود قرضہ آسان اقساط پر فراہم کیا جا رہا ہے۔

قرض کی رقم اور ماہانہ قسط کی تفصیلات:

اس پروگرام کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ شہریوں سے کسی قسم کا سود (مارک اپ) وصول نہیں کیا جاتا۔ شہری مکان کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک بلا سود قرض حاصل کر سکتے ہیں۔ قرض کی واپسی کے لیے 7 سے 9 سال کا آسان شیڈول مقرر کیا گیا ہے، جس میں ابتدائی چند ماہ کی رعایتی مدت بھی شامل ہے تاکہ گھر کی تعمیر مکمل ہو سکے۔ ماہانہ قسط تقریباً 14 ہزار روپے کے قریب رکھی گئی ہے تاکہ متوسط اور مزدور طبقہ باآسانی ادائیگی کر سکے۔

اہلیت کی بنیادی شرائط:

حکومتِ پنجاب کی پالیسی کے مطابق اس اسکیم میں درخواست دینے کے لیے درخواست گزار کا پنجاب کا مستقل رہائشی ہونا اور درست شناختی کارڈ رکھنا لازمی ہے۔ شہری علاقوں میں 1 سے 5 مرلہ جبکہ دیہی علاقوں میں 1 سے 10 مرلہ تک کا ذاتی رہائشی پلاٹ درخواست گزار کے اپنے نام پر ہونا ضروری ہے، جس پر وہ گھر تعمیر کرنا چاہتا ہو۔ اس کے علاوہ درخواست گزار کا نام نادرا (NADRA) کے ریکارڈ کے مطابق خاندان کے سربراہ کے طور پر درج ہو اور وہ کسی بینک یا مالیاتی ادارے کا نادہندہ (Defaulter) نہ ہو۔

اپلائی کرنے کا مکمل طریقہ (آن لائن اور ضلعی دفتر):

خواہش مند شہری گھر بیٹھے آن لائن پورٹل یا اپنے ضلع کے ڈپٹی کمشنر (DC) آفس میں قائم خصوصی کاؤنٹر کے ذریعے درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ آن لائن اپلائی کرنے کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے آفیشل پورٹل acag.punjab.gov.pk پر جا کر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر اور ضلع (مثلاً منڈی بہاؤالدین) درج کر کے رجسٹریشن کریں۔ اس کے بعد آن لائن فارم میں اپنے پلاٹ کی ملکیت کے کاغذات (فرد یا رجسٹری)، شناختی کارڈ کی کاپی اور بنیادی خاندانی معلومات اپ لوڈ کر دیں۔

جو شہری انٹرنیٹ یا آن لائن فارم بھرنے میں دقت محسوس کریں، وہ اپنے ضلع کے ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم "اپنی چھت، اپنا گھر" ہیلپ ڈیسک پر جا کر مفت رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ درخواست جمع ہونے کے بعد متعلقہ اداروں کی ٹیمیں موقع پر جا کر پلاٹ کی تصدیق کرتی ہیں، جس کے بعد قرض کی رقم قسط وار براہِ راست شہری کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جاتی ہے۔